اسلام آباد ( ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ اسلام آباد مافیا کی آماجگاہ بن چکا ہے اور یہاں کے شہری ایک یا دو نہیں کئی طرح کے اسلام آباد میں رہ رہے ہیں،دارالحکومت میں مضافاتی علاقوں میں بدترین انتظامی صورتحال ہے جس کے سبب عوام کے پاس بنیادی سہولیات نہیں ہے، انھوں نے کہااسلام آباد کا ترقیاتی فند مخصوص علاقوں میں لگا کر اشرافیہ کو خوش کیا جاتا ہے جبکہ شہر کے دیگر سیکٹرز اور دیہی علاقوں کی صورتحال دیکھ کر نہیں لگتا کہ یہ دارالحکومت کا حصہ ہیں، ماضی میں جماعت اسلامی اس شہر سے قومی اسمبلی کی سیٹ جیت کر عوام کی خدمت کی شاندار مثال قائم کر چکی ہے جبکہ اب میٹروپولیٹن کارپوریشن میں بھی حکومت بنانے کے عزم کے ساتھ دیانت دار، پڑھے لکھے اور اہل عوامی نمائندوں کو ٹکٹ جاری کر کے میدان میں ہیں جو اسلا م آباد کو خوبصورت، جدید اور ترقی یافتہ بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل 90سنگجانی کے اُمیدوار برائے چیئرمین گوہر رحمن اور وائس چیئرمین شبیر احمد خان کے انتخابی دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔اس موقع پر اُمیدوار برائے چیئرمین اور ناظم زون ارشد مرزا نے بھی خطاب کیا۔
میاں محمد اسلم نے کہا سابقہ مئیر اور کارپوریشن نے دارالحکومت کے پہلے بلدیاتی نظام کو تقویت دینے کے بجائے سبوتاژکیا جس کی وجہ سے عوام کا ان دوجماعتوں سے اعتماد اٹھتا جا رہا ہے۔ ہم نے اسلام آباد کی ترقی کے لئے فوری طور پر ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ، شاہراہوں کی صفائی و خوبصورتی،50ہزار نوجوانوں کی سکل ڈیولپمنٹ، 10 ہزار خواتین کو یوسی کی سطح پر روزگار کی فراہمی، گلوبل کلچر سینٹر کے قیام، اقلیتوں، لیبر اور سرکاری ملازمین کے حقوق کے تحفظ کا مکمل منصوبہ تشکیل دیا ہے۔ انھوں نے کہا اسلام آباد میں ماہرین کی مدد سے پہلے 100 دن میں غیر معمولی اقدامات سے شہریوں کے دل جیت لیں گے۔
