جمعرات 31 دسمبر 2020،سی پی ڈی آئی کے زیر اہتمام معلومات تک رسائی کے قا نون اور اس کے نفاذسے متعلق اقدامات میں سول سوسائٹی تنظیموں کا کردار کے عنوان سے کانفرنس منعقد کی گئی ۔ اس کانفرنس میں پاکستان انفارمیشن کمیشن کے چیف انفارمیشن کمشنر محمد اعظم خان ، انفارمیشن کمشنر زاہد عبداللہ ، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سی-پی-ڈی-آئی مختار احمد علی اور میڈیا میٹرز فار ڈیموکریسی کی ڈایریکٹر پروگرامز صدف خان نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انفارمیشن کمشنرز نے پاکستان انفارمیشن کمیشن کی کامیابیوں ، وسائل ، اوردرپیش مسائل سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ اعظم خان نے معلومات تک رسائی کے قوانین کے موثر نفاذ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معلومات تک رسائی کے قوانین شفافیت، احتسابی عمل کے لئے بنیادی جز اور قانون کی حکمرانی کی طرف پہلا دروازہ تصور کیا جاتاہے۔ مزید کہا گیا کہ ہر شہری کو ، صحیح ،قابل بھروسہ اور بروقت معلومات تک رسائی کا حق حاصل ہے، اور معلومات تک رسائی کے قانون کے نفاذ میں بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہاہے لیکن ممکن ہے کہ گزرتے وقت کے ساتھ اور سول سوسائٹی کی مدد سے در پیش مسائل حل ہو جائیں ۔ ذاہد عبداللہ نے کہا کمیشن کو ابتدائی سالوں میں مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑا جسمیں فنڈز کی کمی اور کمیشن کےآرڈرزکے نفاذ میں رکاوٹیں نمایاں ہیں ۔
مختار احمد علی نے کہا کہ وفاق میں رائج معلومات تک رسائی کےقانون میں بہت سی کمیاں ہیں اور اس قانون کو صوبائی اور بین الاقوامی سطح پر رائج معلومات تک رسائی کے قوانین کے مساوی لانے کے لئے سفارشات بھی پیش کی جا چکی ہیں۔ لیکن موجودہ شقوں کے نفاذ میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے جو کہ جمہوری تقاضوں کے منافی ہے ۔ اس قانون میں بہتری لانے کے لئے سول سوسائٹی کو قانون ساز اداروں کے ساتھ مشاورت اور مسلسل اشترک کی ضرورت ہے۔
صدف خان نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ کس طرح کرونا نے صحافیوں کی اظہار رائے کی آزادی اور معلومات تک رسائی کے حق کو متاثر کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ حالات میں قابل بھروسہ اور مستند معلومات تک رسائی انتہائی ضروری ہے۔ اگر صحافیوں کو بھی مستند اور مصدقہ معلومات تک رسائی حاصل نہیں تو عام شہری کو کیسے حاصل ہو سکتی ہے؟کانفرنس کے دوران انفارمیشن کمشنرز اور سول سوسائٹی ممبران نے پاکستان میں شفاف اور موثر معلومات تک رسائی کے قوانین کے فروغ کے لئے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے کا اعادہ کیا تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ معلومات تک رسائی حاصل ہو ۔
سی پی ڈی آئی : سینٹر فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ انیشی ایٹوز (سی پی ڈی آئی) ایک آزاد ، غیرجانبدار اور غیر منافع بخش رجسٹرڈ سول سوسائٹی تنظیم ہے جو پاکستان میں ترقی اور امن کے امور پر کام کررہی ہے۔
